پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2023

’نواز شریف کی وطن واپسی کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی‘، شریف فیملی کی تصدیق

نواز شریف کے طیارے کو قانونی ضروریات کے تحت پہلے اسلام آباد اترنا ہوگا، وہ اسلام آباد پہنچ کر مختصر قیام کریں گے جس کے بعد لاہور پہنچیں گے: ذرائع/ فائل فوٹو
نواز شریف کے طیارے کو قانونی ضروریات کے تحت پہلے اسلام آباد اترنا ہوگا، وہ اسلام آباد پہنچ کر مختصر قیام کریں گے جس کے بعد لاہور پہنچیں گے: ذرائع/ فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو پروگرام کے مطابق وطن واپس پہنچیں گے۔

شریف فیملی کے ذرائع نے جیونیوز کو تصدیق کی کہ نواز شریف کے دبئی سے پاکستان پہنچنے کے گزشتہ پروگرام میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور منصوبے کے تحت دبئی کے مقامی وقت کے مطابق نواز شریف صبح پاکستان کیلئے روانہ ہونگے۔

ذرائع نے بتایاکہ نواز شریف کے طیارے کو قانونی ضروریات کے تحت پہلے اسلام آباد اترنا ہوگا، وہ اسلام آباد پہنچ کر مختصر قیام کریں گے جس کے بعد لاہور پہنچیں گے۔

دوسری جانب (ن) لیگ کے رہنما اعظم نذیر تارڑنے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، شیڈول کے مطابق نوازشریف کا خصوصی طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے گا جہاں سے وہ لاہور روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا پلان وہی ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا ہے، شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں، 21 اکتوبر کو نوازشریف دبئی سے اسلام آباد پہنچیں گے، ان کا خصوصی طیارہ بعد از دوپہر اسلام آباد لینڈ کرے گا جب کہ اسلام آباد میں مشاورتی میٹنگ اور لیگل فارمیلیٹیز کے بعد لاہور راونہ ہوں گے، طے شدہ شیڈول اور وقت پر نوازشریف مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔


مزید خبریں :