نواز شریف سہولت کاری نہیں انصاف کے تقاضے پورے کرکے آرہے ہیں: عرفان صدیقی

سہولت کاری تو اسے ملی تھی جسے ایک دن میں 12 ضمانتیں ملی تھیں: رہنما مسلم لیگ (ن)/ فائل فوٹو
سہولت کاری تو اسے ملی تھی جسے ایک دن میں 12 ضمانتیں ملی تھیں: رہنما مسلم لیگ (ن)/ فائل فوٹو

دبئی: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کسی سہولت کاری نہیں بلکہ انصاف کے تقاضے پورے کرکے پاکستان آرہے ہیں۔

دبئی میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف آج ہی سعودی عرب سے دبئی پہنچ جائیں گے جس کے بعد ان کے پاکستان پہنچ کر خطاب کے حوالے سے گفتگو ہوگی کیونکہ نواز شریف جلسے میں لکھی ہوئی تقریر نہیں پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی سہولت کاری نہیں بلکہ انصاف کے تقاضے پورے کرکے پاکستان آرہے ہیں، سہولت کاری تو اسے ملی تھی جسے ایک دن میں 12 ضمانتیں ملی تھیں۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ سرنڈر کرنے والوں کو عدالت کی طرف سے مہلت دینا روایت ہے، نواز شریف کبھی محاذ آرائی کی سیاست کو پسند نہیں کرتے، نواز شریف کی سوچ ہے کہ ووٹ لے کر آنے والوں کو حکمرانی اور پالیسی بنانے کا حق ملنا چاہیے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے تاخیر کی وجہ ایک اہم میٹنگ ہے، نواز شریف اپنے پرانے پروگرام کے مطابق پہلے اسلام آباد پہنچیں گے اور وہاں سے لاہور آئیں گے۔

مزید خبریں :