Time 19 اکتوبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

میٹا کا بڑا اعلان، ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کرنا اب ممکن

مارک زکربرگ کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ
مارک زکربرگ کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ

اگر انٹرنیٹ میسجنگ کی بات کی جائے تو واٹس ایپ کی مقبولیت کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا، جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔

مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں ابھی تک صارفین ایک فون میں صرف ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرسکتے تھے۔

ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے ایپ کی سیکنڈری کاپی بنانا پڑتی تھی جو آسان کام نہیں۔

مگر میسجنگ ایپ کی یہ خامی اب دور ہونے والی ہے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین ایک فون میں 2 مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔

مارک زکربرگ کے اعلان کے بعد کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس فیچر کو متعارف کرا دیا گیا ہے اور اب صارفین بیک وقت 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ایک ڈیوائس پر استعمال کر سکیں گے۔

یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔

اس لیے یہ رواں سال کے چند بڑے فیچرز میں سے ایک ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

فیچر کو استعمال کیسے کیا جائے گا؟

یہ فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ
یہ فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ فون میں ڈوئل سم سپورٹ موجود ہو تاکہ 2 مختلف نمبروں کو 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز اوپن کرکے اپنے نام کے آگے بنے ڈراپ ڈاؤن ایرو پر کلک کریں۔

وہاں ایڈ اکاؤنٹ کا آپشن ہوگا جس پر کلک کرکے دوسرے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ایڈ کرلیں۔

کمپنی کے مطابق صارف ہر اکاؤنٹ کی پرائیویسی اور نوٹیفکیشن سیٹنگز کو کنٹرول کر سکے گا۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پاس کیز کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔

مزید خبریں :