Time 22 اکتوبر ، 2023
پاکستان

قومی مجرم کی واپسی کیلئے ریاست نے قانون و انصاف کو دفن کردیا: پی ٹی آئی کا ردعمل

قوم نے رجیم چینچ سازش کو قبول نہیں کیا وہ لندن منصوبے اور اس کے اہداف بھی قبول نہیں کرے گی: نواز شریف کی واپسی پر تحریک انصاف کا ردعمل
قوم نے رجیم چینچ سازش کو قبول نہیں کیا وہ لندن منصوبے اور اس کے اہداف بھی قبول نہیں کرے گی: نواز شریف کی واپسی پر تحریک انصاف کا ردعمل

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ قومی مجرم کی وطن واپسی کیلئے آج ریاست نے قانون اور انصاف کو اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ قوم نے رجیم چینچ سازش کو قبول نہیں کیا وہ لندن منصوبے اور اس کے اہداف بھی قبول نہیں کرے گی۔

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے وطن واپسی پر نواز شریف کو خوش آمدید کہا۔

پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو ویلکم کرتے ہیں لیکن وہ آئینی طریقے سے آتے تو بہتر تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر کر کے الیکشن ہوں تو حکومت کیسے کر پائیں گے، کب تک ہمیں جیلوں میں رکھیں گے آخر کار ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کو اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، سابق وزیر اعظم دبئی سے پہلے اسلام آباد پہنچے جس کے بعد انہوں نے لاہور میں مینار پاکستان پر ن لیگ کے جلسے میں کارکنوں سے خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دن رات محنت کرکے ملک کے مسائل حل کیے، میرے خلاف جعلی کیسز بنائےگئے،جیلوں میں ڈالا گیا۔ آئین پرعمل درآمد کرنےوالےریاستی ادارے،جماعتیں اور ریاست کے ستونوں کومل کرکام کرناہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مل کرکام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سب کو اکھٹا ہونا پڑےگا، بنیادی مرض دور کرنا پڑے گا جس کی وجہ سے ملک باربار حادثے کا شکار ہوجاتا ہے۔

مزید خبریں :