Time 22 اکتوبر ، 2023
پاکستان

نو مئی تو دور کی بات نوازشریف کے ہوتے کبھی گملہ بھی نہیں ٹوٹا: شہباز شریف

فوٹو: پی ایم ایل این/ ایکس
فوٹو: پی ایم ایل این/ ایکس

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ تو دور کی بات ہے نوازشریف کے ہوتے ہوئے کبھی گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔

لاہور میں مینار پاکستان پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ہر دور میں پاکستان کی تعمیر کی لیکن انہیں اقتدار سے ہٹا دیا گیا، آج قوم کا بیٹا نواز شریف آپ کے زخموں پر مرہم رکھنے آگیا ہے۔ اب مہنگائی بھی ختم ہوگی، لوڈ شیڈنگ بھی ختم ہو جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف جدوجہد ہے، نواز شریف جنون ہے، جذبہ ہے اور یہی مسلم لیگ ن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معمار پاکستان کے استقبال کیلئے ملک بھر سے جمع ہونے والے لاکھوں عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے شرکا سے ’وزیراعظم نوازشریف‘ کے نعرے بھی لگوائے۔

خیال رہے کہ قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، وطن واپسی پر انہوں نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے میں کارکنان سے خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دن رات محنت کرکے ملک کے مسائل حل کیے، میرے خلاف جعلی کیسز بنائےگئے،جیلوں میں ڈالا گیا۔ آئین پرعمل درآمد کرنےوالےریاستی ادارے،جماعتیں اور ریاست کے ستونوں کومل کرکام کرناہوگا،

مل کرکام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سب کو اکھٹا ہونا پڑےگا، بنیادی مرض دور کرنا پڑے گا جس کی وجہ سے ملک باربار حادثے کا شکار ہوجاتا ہے۔

مزید خبریں :