22 اکتوبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجرم اور مفرور شخص کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شعیب شاہین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے گزشتہ 16 ماہ میں ملک کو بد ترین مہنگائی دی، آج شریف برادران عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ڈیل کرکے اور اپنا بیانیہ تبدیل کرکے پاکستان واپس آئے ،چیئرمین پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دیں تو وہ ن لیگ سے بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، سابق وزیر اعظم گزشتہ روز دبئی سے پہلے اسلام آباد پہنچے جس کے بعد انہوں نے لاہور میں مینار پاکستان پر ن لیگ کے جلسے میں کارکنوں سے خطاب کیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔