گوگل کروم میں بہترین پرائیویسی فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان

اس فیچر سے صارف کا آئی پی ایڈریس چھپ جائے گا / فائل فوٹو
اس فیچر سے صارف کا آئی پی ایڈریس چھپ جائے گا / فائل فوٹو

جب آپ براؤزر استعمال کرتے ہیں تو آپ کا انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی) ایڈریس ویب سائٹس، آن لائن سروسز اور دیگر کو نظر آتا ہے اور اس ڈیٹا کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مگر اب دنیا کے مقبول ترین ویب براؤزر گوگل کروم میں ایک نئے پرائیویسی فیچر آئی پی پروٹیکشن فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

یہ نیا فیچر صارف کے آئی پی ایڈریس کو چھپائے گا۔

اس فیچر کے ذریعے کروم ویب ٹریفک کو گوگل کے پراکسی سرور پر منتقل کرکے صارف کے آئی پی ایڈریس کو چھپایا جائے گا اور کوئی سروس صارف کو ٹریک نہیں کرسکے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ گوگل کو بھی صارف کے آئی پی ایڈریس تک رسائی حاصل ہوگی یا نہیں، مگر دیگر کمپنیوں کے لیے آپ کی آن لائن سرگرمیوں کو ٹریک کرنا ضرور مشکل ہو جائے گا۔

یہ فیچر ابھی صارفین کو دستیاب نہیں بلکہ آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیچر پہلے محدود صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا اور ابتدا میں چند ویب سائٹس پر اس کی کارکردگی کو آزمایا جائے گا۔

اس فیچر کی افادیت کو دیکھتے ہوئے اسے بتدریج دیگر صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :