Time 26 اکتوبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

دیپیکا پڈوکون اور رنویر کی شادی کی ویڈیو 5 سال بعد پہلی بار منظر عام پر

ویڈیو میں دونوں کی ہلدی، مہندی اور شادی سمیت منگنی کی تقریب کی جھلکیاں بھی ہیں__فوٹو: اسکرین گریب
ویڈیو میں دونوں کی ہلدی، مہندی اور شادی سمیت منگنی کی تقریب کی جھلکیاں بھی ہیں__فوٹو: اسکرین گریب

بالی وڈ کی مقبول ترین جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی ویڈیو شادی کے پانچ برس بعد پہلی بار منظرِ عام پر آگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار جوڑے کی شادی کی ویڈیو معروف بھارتی پروگرام 'کافی ود کرن' میں شیئر کی گئی جس کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہوچکا ہے اور اس کی پہلی قسط میں پہلی مرتبہ دیپیکا اور رنویر نے ایک ساتھ شرکت کی۔

دیپیکا اور رنویر کی جانب سے اب تک اپنی شادی کی ویڈیو شیئر نہیں کی گئی تھی، کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں البتہ اب ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔

ویڈیو میں  جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کی جھلکیاں ہیں، ویڈیو کا آغاز ایک پارٹی کی تقریب سے ہوتا ہے جس میں رنویر سنگھ مہمانوں کے سامنے دیپیکا کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

پھر ویڈیو میں رنویر کے والد بتاتے ہیں کہ رنویر کہتا تھا کہ ایک دن میں دیپیکا سے شادی کروں گا۔

اس کے علاوہ ویڈیو میں اداکارہ کے والد نے کہا 'رنویر ہماری فیملی سے بالکل مختلف ہے، ہم چار لوگ کافی خاموش طبیعت کے مالک ہیں لیکن رنویر ایسا نہیں اور یہ ایک اچھی تبدیلی ہے'۔

ویڈیو میں دونوں کی ہلدی، مہندی اور شادی سمیت منگنی کی تقریب کی جھلکیاں بھی ہیں۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ نے 2015 میں دیپیکا پڈوکون سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا جب کہ 2018 میں اس جوڑے نے اٹلی میں قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔

مزید خبریں :