روزانہ صرف 22 منٹ کی چہل قدمی کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

موجودہ عہد میں بیشتر افراد دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں۔

اگر آپ میں یہ عادت موجود ہے تو جان لیں کہ اس کے نتیجے میں امراض قلب، ذیابیطس ٹائپ 2 اور دیگر سنگین امراض کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

مگر روزانہ 22 منٹ کی تیز چہل قدمی، جاگنگ یا سائیکل چلا کر آپ بہت زیادہ وقت بیٹھنے سے صحت پر مرتب منفی اثرات کی روک تھام کر سکتے ہیں۔

یہ بات ناروے میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

آرکٹک یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے مختلف وجوہات کے باعث قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں سے اس خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق میں 50 سال سے زائد عمر کے لگ بھگ 12 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ ایکٹیویٹی ٹریکرز کے ذریعے لیا گیا۔

تحقیق میں شامل 5943 افراد روزانہ ساڑھے 10 گھنٹے سے کم وقت بیٹھ کر گزارتے تھے جبکہ 6042 افراد ساڑھے 10 گھنٹے سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 5 برس تک لیا گیا، جس دوران 805 افراد انتقال کرگئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 22 منٹ تک معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی روک تھام کی جا سکتی ہے اور قبل از وقت موت کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ٹیلی ویژن یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر وقت گزارا جائے یا دفتری امور کے باعث اپنی جگہ سے اٹھنا مشکل ہو، دونوں صورتوں میں صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جسمانی سرگرمیوں کے ہر منٹ سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، درحقیقت اگر کوئی فرد صرف 10 منٹ بھی تیز چہل قدمی کرتا ہے تو جلد موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فرد 22 منٹ تک تیز چہل قدمی کرتا ہے تو قبل از وقت موت کا خطرہ ختم ہو جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی فرد 22 منٹ یا اس سے زائد وقت جسمانی سرگرمیوں کے لیے نکالتا ہے تو اسے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے اضافی خطرے کا سامنا نہیں ہوتا۔

اس تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :