20 اکتوبر ، 2023
ڈپریشن ایک ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
اب پہلی بار ثابت ہوا ہے کہ نیند کی کمی لوگوں کو ڈپریشن کا شکار بنا سکتی ہے۔
یہ انکشاف برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں کیا گیا۔
یہ پہلے سے مانا جاتا ہے کہ ناقص نیند سے ذہنی صحت کے مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں بہت کم یا زیادہ نیند کو ذہنی امراض جیسے انزائٹی اور ڈپریشن سے منسلک کیا گیا تھا، مگر اس کا ٹھوس تعین نہیں ہو سکا تھا۔
لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 7 ہزار سے زائد افراد کو شامل کرکے ان کی شخصی عادات کا جائزہ 12 سال تک لیا گیا تھا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر رات 5 گھنٹے سے کم وقت سونے کے عادی افراد میں ڈپریشن کی علامات کا خطرہ 7 گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے آغاز میں دریافت کیا گیا کہ ہر 10 میں سے ایک فرد اوسطاً 5 گھنٹے سے کم وقت تک سونے کا عادی ہوتا ہے۔
مگر وقت کے ساتھ نیند کی کمی کے شکار افراد کی تعداد 15 فیصد تک پہنچ گئی۔
تحقیق کے آغاز میں ڈپریشن کے شکار افراد کی تعداد 8.8 فیصد تھی مگر اختتام پر یہ شرح 11.5 فیصد تک پہنچ گئی۔
محققین نے بتایا کہ نیند کا کم دورانیہ واضح طور پر ڈپریشن کا شکار بناتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Translational Psychiatry میں شائع ہوئے۔