وہ عام عادت جو ذیابیطس جیسے مرض سے بچانے کیلئے بہت زیادہ مفید

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

دنیا بھر میں ذیابیطس ٹائپ 2 کا مرض وبا کی طرح پھیل رہا ہے، خاص طور پر جوان افراد اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

جب کوئی فرد ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار ہوتا ہے تو اس کا جسم غذا میں موجود کاربوہائیڈریٹس کو توانائی میں بدلنے میں ناکام ہوجاتا ہے۔

اس کے نتیجے میں خون میں شکر کی مقدار بڑھتی ہے۔

اگر بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول نہ کیا جائے تو وقت کے ساتھ امراض قلب، بینائی سے محرومی، اعصاب اور اعضا کو نقصان پہنچنے سمیت دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مگر ایک عام عادت کو اپنا کر ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ آپ روزانہ تیز چہل قدمی کو عادت بنا کر ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیوں اور ذیابیطس کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیاں جیسے رقص یا تیز رفتاری سے چہل قدمی سے ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرے میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے۔

تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں سے ان افراد میں بھی ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے جن میں جینیاتی طور پر اس مرض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ لوگ کسی جسمانی سرگرمی جیسے تیز چہل قدمی کو جتنا زیادہ کریں گے، ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا کم ہوگا۔

اس تحقیق کے لیے رضاکاروں کے 3 گروپ بنائے گئے تھے جن کی روزانہ کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ایک گروپ کو روزانہ 5 سے 25.9 منٹ، دوسرے گروپ کو 26 سے 68.4 منٹ جبکہ تیسرے گروپ کو 68.4 منٹ سے زیادہ جسمانی سرگرمیاں معمول کا حصہ بنانے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 68.4 منٹ سے زیادہ وقت تک تیز چہل قدمی کرنے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 74 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ لوگ جینیاتی خطرے اور خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ جیسے عناصر کو کنٹرول نہیں کر سکتے، مگر تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنے سے اس مرض سے بچنا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کو اپنانا بہت آسان ہوتا ہے اور ضروری نہیں کہ جم کا رخ کیا جائے، درحقیقت چہل قدمی اور رقص وغیرہ سے بھی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :