03 نومبر ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے خلاف عہدے کا غلط استعمال اور سنگین غلط کاریوں سمیت الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔
معروف ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن ذوالفقار ملک کی جانب سے ذکا اشرف کے خلاف مینجمنٹ کمیٹی کو ایک ای میل لکھی ہے جس کی کاپیاں پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم پاکستان اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
ذوالفقار ملک کی جانب سے ذکا اشرف کے خلاف ای میل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ روز بعد یعنی 5 نومبر کو ان کی بطور قائم مقام چیئرمین پی سی بی کی 4 ماہ کی مدت ختم ہونے جا رہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے خلاف کی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ
ذوالفقار ملک نے اپنی ای میل میں لکھا کہ ذکا اشرف کے حالیہ دور میں کچھ سنگین غلط کاریاں اور غیر قانونی چیزیں نوٹ کیں جسے ریکارڈ پر لانا ضروری سمجھتا ہوں، اس ای میل کے ذریعے موجودہ دور میں مینجمنٹ کمیٹی کے زیادہ تر ممبران کی منظوری کے بغیر کیے گئے غیر قانونی اور غلط فیصلوں سے خود کو الگ کرنا چاہتا ہوں۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن نے کہا کہ ذکا اشرف نے کچھ ایسے طویل المدتی فیصلے کیے جس کا انہیں اختیار نہیں تھا جیسے کہ چیف سلیکٹر کی 3 سال کے لیے 25 لاکھ روپے ماہانہ پر تعیناتی، متعدد ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹس، آفیشلز، دیگر کمیٹیوں کی تعیناتی، متعدد پراجیکٹس کی منظوری، بڑے پیمانے پر اخراجات، لیگل کونسلر کی مہنگے داموں تعیناتی اور متعدد حکام کو عہدے سے ہٹانا مینجمنٹ کمیٹی کے دائرہ کار کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ میں نے تمام فیصلے بورڈ کے آئین کے مطابق لیے اور بورڈ بھی ان فیصلوں کا دفاع کرتا ہے۔