Time 07 نومبر ، 2023
صحت و سائنس

محض ایک رات کی خراب نیند کا نقصان جان لیں

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کیا آپ کے خیال میں ایک رات نہ سونے سے صحت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے؟

تو ایک نئی طبی تحقیق کے نتائج دنگ کر دیں گے۔

درحقیقت محض ایک رات کی خراب نیند دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک رات کی خراب نیند سے جسمانی توانائی میں ہی کمی نہیں آتی بلکہ دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے کا خطرہ بھی نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

خیال رہے کہ دل کی دھڑکن کی ترتیب بگڑنے سے ہارٹ فیلیئر، فالج اور دیگر امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق میں 419 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کی دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے مسئلے کا سامنا تھا اور یہ دیکھا گیا کہ ان کی نیند کا معیار کیسا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ محض ایک رات کی خراب نیند سے دل کی دھڑکن کی ترتیب متاثر ہونے کا خطرہ 15 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اگر نیند کی کمی کا سلسلہ کئی دن یا ہفتوں تک برقرار رہے تو یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ کئی بار بے خوابی کے مسئلے پر قابو پانا مشکل ہوتا ہے مگر اکثر کیسز میں لوگ اپنے نیند کے معیار کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق سونے کا ایک وقت طے کرلینا چاہیے اور روزانہ اسی وقت بستر پر جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سونے سے کچھ دیر قبل چائے یا کافی کے استعمال سے گریز کریں جبکہ ڈیجیٹل ڈیوائسز کو بھی دور رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ورزش کو معمول بنانے، دوپہر کی نیند سے گریز اور ہر صبح ایک وقت پر اٹھنے سے نیند کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج JACC: Clinical Electrophysiology میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :