10 نومبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے ایڈن گارڈنز کولکتا میں سابق چیئرمین پی سی ہی رمیز راجا سے مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بابر اعظم کپتانی سے الگ ہونے پر سوچ رہے ہیں، وہ کپتانی کے حوالے سے وطن واپسی پر فیصلہ کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے رویے سے مایوس ہیں، وہ کپتانی کے حوالے سے اپنے والد کے مشورے کو اہمیت دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا جبکہ قریبی لوگوں نے انہیں تینوں فارمیٹ سے الگ ہونے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق بابر کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں بڑے بڑے کپتان ناکام ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم بھارت میں ہی کپتانی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے تاہم اب وہ وطن واپسی پر فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں کارکردگی مایوس کن رہی، ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔