22 نومبر ، 2023
برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکا نے بھارت کی جانب سے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے اور اس سلسلے میں بھارت کو وارننگ بھی دی ہے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے امریکا میں سکھ علیحدگی پسند کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنایا ہے اور سازش میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے خدشات پر بھارت کو خبردار بھی کیا ہے۔
اخبار کے مطابق ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا ہےکہ بھارت کا نشانہ آزاد خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں تھے۔
رپورٹ کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں نے تصدیق نہیں کی کہ امریکی حکام نے انہیں اس حوالے سے خبردار کیا تھا یا نہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی حکام پر چھوڑتے ہیں کہ وہ امریکی سرزمین پر بھارت کی جانب سے میری جان کو خطرے پر کیا ردعمل دیتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اخبار کی خبر پر بھارتی وزارت خارجہ کا ردعمل فوری طور پر سامنے نہیں آیا ہے۔
اخبار کے مطابق ذرائع نے اسے یہ نہیں بتایا کہ آیا امریکا کی جانب سے وارننگ پر گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ روک دیا گیا یا پھر اسے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ناکام بنایا ہے۔
واضح رہےکہ رواں برس جون میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارت پر الزام عائد کیا تھاکہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث ہے جب کہ کینیڈا نے بھارتی ایجنسی کے ’را‘ کے عہدیدار کو بھی ملک بدر کیا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد سینیئر سفارتکاروں کو بھی ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ دونوں ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔