23 نومبر ، 2023
لاہور کے جنرل اسپتال کی انتظامیہ نے سول جج اسلام آباد کے گھر تشدد کا شکار ہونے والی بچی رضوانہ کی ویڈیو جاری کر دی۔
اسپتال انتظامیہ کی جاری کردہ ویڈیو میں گزشتہ 5 ماہ سے جنرل اسپتال میں زیر علاج رضوانہ کو بغیر کسی سہارے کے چلتے پھرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رضوانہ نے صحتیاب ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ساتھ ہی نگران وزیراعلیٰ پنجاب، اسپتال کے پرنسپل اور طبی عملے کیلئے دعائیں بھی کیں۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید نے بتایا کہ رضوانہ کو اسپتال سے جلد ڈسچارج کر دیا جائیگا تاہم وہ اسپتال سے ڈسچارج ہو کر لاہور میں ہی رہے گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ مختلف ادارے رضوانہ کی ذمہ داری لینے کے لیے رابطہ کر رہے ہیں، جس ادارے میں زیادہ اچھی سہولیات ہوں گی وہاں رضوانہ کو منتقل کریں گے۔
واضح رہے بچی رضوانہ او ایس ڈی بنائے گئے سول جج عاصم کے گھر اسلام آباد میں ملازمہ تھی جہاں اسے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور جب اس کی حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی تو سول جج کی اہلیہ اسے اس کی والدہ کے حوالے کر کے چلی گئی۔