Time 23 نومبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

اے آئی ٹیکنالوجی 3 روزہ کاروباری ہفتے کو یقینی بناسکتی ہے، بل گیٹس

بل گیٹس / رائٹرز فوٹو
بل گیٹس / رائٹرز فوٹو

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی انسانوں کی جگہ تو شاید نہ لے سکے مگر وہ 3 روزہ کاروباری ہفتے کو ضرور ممکن بناسکتی ہے۔

کم از کم مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کا تو یہی سوچنا ہے۔

ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب انسانوں کو زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اگر آپ ایک ایسے معاشرے کا حصہ ہوں، جہاں ایک ہفتے میں صرف 3 دن کام کرنا ہو، تو یہ ٹھیک ہی ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا اس وقت ہوگا جب مشینیں کھانا پکانے سے لے کر ہر کام کرنے کی مہارت رکھتی ہوں گی اور لوگوں کو کمائی کے لیے ہفتے میں 5 یا اس سے زائد دن کام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل جولائی میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے کہا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے صنعتی انقلاب جیسے ڈرامائی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی کمپیوٹر متعارف کرانے جتنی اہم ضرور ہے، جس نے دفتری کاموں کو بدل کر رکھ دیا تھا۔

اس پوڈ کاسٹ کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ انہوں نے پوری جوانی مائیکرو سافٹ کے لیے مختص کر دی تھی، مگر اب احساس ہوتا ہے کہ ملازمت کرنا ہماری زندگی کا مقصد نہیں۔

مزید خبریں :