30 نومبر ، 2023
عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں؟ تو بحیرہ روم کے خطے میں استعمال کی جانے والی غذا کا استعمال عادت بنالیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ Mediterranean ڈائٹ کے استعمال سے دماغی تنزلی کے امراض جیسے الزائمر سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ غذا پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے (سرخ گوشت کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے) اور اسے مختلف امراض جیسے امراض قلب، ذیابیطس اور موٹاپے کی روک تھام کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔
اسپین کی بارسلونا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 840 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 12 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں، سبزیوں، گریوں اور زیتون کے تیل پر غذا کے زیادہ استعمال سے دماغ کو جوان رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ تحقیق کے آغاز میں ان افراد کے خون کے نمونوں میں مختلف مالیکیولز کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 12 سال کے دوران 5 بار ان افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور آخر میں دریافت ہوا کہ Mediterranean diet کے استعمال سے عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو افراد اس غذا کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، ان میں عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل مالیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہوئے۔