07 دسمبر ، 2023
فیس بک میسنجر دنیا کا دوسرا مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے اور اب اس میں واٹس ایپ کے اہم ترین فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ میسنجر میں کالز اور چیٹس کو بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ بھی میٹا کی ہی ایپ ہے جس میں بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر کافی عرصے سے دستیاب ہے۔
میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ انکرپشن ٹیکنالوجی کے باعث اب کوئی بھی میسنجر صارفین کے پیغامات یا کالز تک رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔
درحقیقت کمپنی کو خود بھی میسنجر کی چیٹس اور کالز تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ 2016 سے میسنجر صارفین کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا آپشن دستیاب ہے مگر انہیں ہر چیٹ پر اسے خود ٹرن آن کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث بہت کم افراد اس فیچر کو استعمال کرتے ہیں۔
مگر بائی ڈیفالٹ اس فیچر کی دستیابی سے چیٹ پلیٹ فارم کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جاسکے گا۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ کئی سال تک کام کرنے کے بعد ہم نے میسنجر میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو بائی ڈیفالٹ کر دیا ہے۔
2019 میں مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ وہ اپنی کمپنی کی تمام ایپس میں نجی چیٹس کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سکیورٹی فراہم کریں گے۔
اس وقت ان کا کہنا تھا کہ 'جہاں تک مجھے لگتا ہے کہ انٹرنیٹ کا مستقبل پرائیویسی پر مبنی کمیونیکشن پلیٹ فارم ہوگا جو کہ آج کے اوپن پلیٹ فارمز کے مقابلے میں زیادہ اہمیت اختیار کرلے گا'۔
2022 میں میسنجر میں بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی تھی۔
اب ایک سال سے زائد عرصے بعد آخرکار اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے میں اس لیے کئی سال لگے کیونکہ ہم اسے درست طریقے سے ایپ کا حصہ بنانا چاہتے تھے۔
کمپنی نے بتایا کہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے میسنجر کے فیچرز متاثر نہیں ہوں گے اور صارفین تھیمز یا کاسٹیوم ری ایکشنز کو استعمال کرسکیں گے۔
مگر تمام صارفین کی میسنجر چیٹس کو انکرپٹڈ کرنے کے لیے کچھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔