09 دسمبر ، 2023
امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم مگر مچھوں کے گیٹرلینڈ اور لینڈو پارک میں ایک سفید رنگ کے انتہائی یاناب نسل کے مگرمچھ کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
پارک انتظامیہ کے مطابق اس نسل کا نام لیوسیٹک ایلیگیٹرز ہے جو کہ امریکی مگر مچھوں کی ایک انتہائی نایاب نسل ہے، پارک انتظامیہ کی جانب سے نایاب نسل کے مگر مچھ کے بچے کی پیدائش کا جشن بھی منایا گیا۔
پارک انتظامیہ کی جانب سے بچے کی پیدائش کا اعلان سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دنیا میں اس نسل کے صرف 7 مگرمچھ ہیں جن میں سے تین گیٹرلینڈ میں موجود ہے اور حالیہ پیدائش کے بعد یہ بچہ اب آٹھواں مگر مچھ بن گیا ہے۔
پارک انتظامیہ نے مزید بتایا کہ یہ ایک مادہ مگرمچھ ہے اور اس نسل کے مگر مچھ کی آنکھ نیلی رنگ کی اور جسم پر کوئی اور رنگ نہیں ہوتا، سفید ہونے کی وجہ سے یہ مگر مچھ دھوپ میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتے کیونکہ انکی جلد کو سورج کی شعاعیں متاثر کر سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سفید مگر مچھ کے اس بچے کی پیدایش کو سائنسی بنیاد پر بھی دیکھا جارہا ہے کیونکہ اس پر کی جانے والی تحقیق سے ان کی نسل کو بچانے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ اس بچے کو پارک انتظامیہ کی جانب سے آئندہ سال کے آغاز میں عوامی نمائش کیلئے رکھا جائے گا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اس بچے کا منفرد نام رکھنے کی مدد بھی مانگی گئی ہے۔