12 دسمبر ، 2023
جب کسی سوال کا جواب جاننا ہو، کچھ سیکھنا ہو یا مشکل کا سامنا ہو تو اکثر افراد ایک بار، دو بار یا سیکڑوں بار گوگل کا رخ کرتے ہیں۔
مگر 2023 میں پاکستانیوں نے کن سوالات کا جواب جاننے یا کیا سیکھنے کے لیے گوگل کا رخ کیا؟
اس کا جواب گوگل کی جانب سے 2023 کی مقبول ترین ٹرینڈنگ سرچز کی فہرست میں دیا گیا ہے۔
یہ فہرست مجموعی طور پر 8 کیٹیگریز پر مشتمل ہے۔
کرکٹ، ایونٹس/ Occasions، نیوز، ریسیپیز، ٹی وی شوز اور فلمیں، ٹیکنالوجی اور شخصیات کے ساتھ ساتھ ہاؤ ٹو کو بھی ان کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کیٹیگری میں ہاؤ ٹو لکھ کر گوگل سے جن سوالات کے جواب حاصل کیے گئے یا مسائل حل کرنے کی کوشش کی گئی، وہ کافی دلچسپ ہیں۔
اس کیٹیگری میں سب سے زیادہ جس چیز کے بارے میں گوگل سے جاننے کے لیے رخ کیا گیا وہ واٹس ایپ کے ایک نئے فیچر سے متعلق ہے۔
واٹس ایپ کا فیچر چینل کچھ عرصے پہلے ہی متعارف کرایا گیا تھا اور پاکستانیوں نے گوگل سے سب سے زیادہ جو سوال کیا وہ یہ تھا کہ واٹس ایپ چینل کیسے بنایا جائے (How to create WhatsApp channel)۔
دوسرے نمبر پر جس سوال کا جواب جاننے کے لیے پاکستانیوں نے سب سے زیادہ گوگل کا رخ کیا وہ یہ تھا کہ کینیڈین ویزے کے لیے کیسے اپلائی کیا جائے (How to apply for Canada visa)۔
اس سے عندیہ ملتا ہے کہ زیادہ تر پاکستانی بیرون ملک منتقل ہونے کے لیے کینیڈا کو ترجیح دیتے ہیں۔
تیسرا سوال کافی دلچسپ ہے اور وہ یہ ہے کہ پھولوں کو زیادہ عرصے تک کیسے تازہ رکھا جائے (How to make flowers last longer)۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو باغبانی سے کافی محبت ہے۔
چوتھا سوال بہت عام ہے بلکہ گوگل اکاؤنٹس استعمال کرنے والے بیشتر افراد ہی اس وقت پوچھتے ہیں جب وہ اپنے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ بھول جاتے ہیں یا کسی وجہ سے اس تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔
یہ سوال ہے کہ جی میل اکاؤنٹ کو کیسے ریکور کیا جائے (How to recover Gmail account)۔
5 ویں نمبر پر جس مسئلے کا حل جاننے کے لیے گوگل سے مدد طلب کی گئی اس کو پڑھ کر لگتا ہے کہ ایسا خواتین نے زیادہ کیا ہوگا۔
یہ سوال تھا کہ ہاتھوں پر لگی مہندی کو کیسے ہٹایا جائے (How to remove mehndi from hands)۔
2023 کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا کیونکہ چیٹ جی پی ٹی اور دیگر کمپنیوں کے اے آئی چیٹ بوٹس کا استعمال عام ہوگیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ گوگل کی ہاؤ ٹو سرچز میں چھٹے نمبر پر چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے کا طریقہ کار رہا (How to use ChatGPT)۔
پیپسی کیو آر کوڈ کو کیسے اسکین کیاجائے (How to scan Pepsi QR code)، یہ سوال اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر ہے۔
میٹرک کے نتائج ہر طالبعلم کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں کیونکہ ان سے تعلیمی مستقبل کا تعین ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ 8 ویں نمبر پر جو سوال موجود ہے وہ یہ ہے کہ میٹرک نتائج کو کیسے چیک کیا جائے (How to check matric result)۔
اسنیپ چیٹ پر اے آئی اسسٹنٹ کو کیسے حاصل کیا جائے (How to get my AI on Snapchat)، یہ 9 واں مقبول ترین سوال رہا۔
آخر میں جو سوال موجود ہے اس کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اسے پوچھنے کے لیے رمضان المبارک کے دوران لوگوں نے گوگل کا رخ کیا ہوگا۔
یہ سوال تھا کہ تراویح کیسے پڑھی جائے (How to pray Taraweeh)۔