ورلڈکپ فائنل کے بعد داماد کے ایل راہول کی ٹرولنگ پر سنیل شیٹی نے خاموشی توڑ دی

جب کے ایل راہول گراؤنڈ میں کھیل رہے ہوتے ہیں تو میں بے چین ہوتا ہوں کہ یہ میرا بچہ کھیل رہا ہے اور ہمیشہ اس کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں: بھارتی اداکار__فوٹو: فائل
جب کے ایل راہول گراؤنڈ میں کھیل رہے ہوتے ہیں تو میں بے چین ہوتا ہوں کہ یہ میرا بچہ کھیل رہا ہے اور ہمیشہ اس کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں: بھارتی اداکار__فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی نے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں شکست کے بعد داماد کے ایل راہول پر ہونے والی تنقید کا جواب دیدیا۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ جب  کے ایل راہول کو ٹرول کیا جاتا ہے تو بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔

سینئر اداکار نے انکشاف کیا کہ ان کے داماد کے ایل راہول کو لوگوں، سلیکٹرز اور کپتان کا اعتماد حاصل ہونے کے باوجود بھی ٹرول کیا گیا، اس سب سے اتنی تکلیف اتھیا اور کے ایل راہول کو نہیں ہوتی جتنی تکلیف مجھے ہوتی ہے، بلا وجہ تنقید سے مجھے ان لوگوں سے 100 گناہ زیادہ تکلیف پہنچتی ہے۔

سنیل شیٹی نے بتایا کہ جب کے ایل راہول گراؤنڈ میں کھیل رہے ہوتے ہیں تو میں بے چین ہوتا ہوں کہ یہ میرا بچہ کھیل رہا ہے اور ہمیشہ اس کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’ایشیاکپ سے قبل سوشل میڈیا پر لوگ کے ایل راہول اور اتھیا کو تنقید کا نشانہ بنارہے تھے جس پر تکلیف ہوئی، اس کے باوجود راہول نے کہا ابا رہنے دیں میدان میں میرا بلا جواب دے گا'۔

سنیل شیٹی نے بتایا کہ کے ایل راہول کو دیکھ کر میں نے ہر کرکٹر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور ان کی تعریف کرنا شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا سے ہارنے کے  بعد وکٹ کیپر راہول کو فائنل میچ کے دن اچھی فیلڈنگ نہ کرنے پر آن لائن تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

کے ایل کو مڈل آرڈر میں خراب اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف 107 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔

مزید خبریں :