13 دسمبر ، 2023
میٹا نے فیس بک میسنجر کے لیے 2023 کا سب سے بڑا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ کے بعد فیس بک میسنجر میں بھی میسج ایڈٹ فیچر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اب تک میسنجر میں غلط ٹائپ کیے گئے میسج کو ان سینڈ (unsend) یا ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا۔
مگر اب آپ کو کسی غلطی پر میسج ڈیلیٹ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے ایڈٹ کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر موبائل ایپس کے ساتھ ساتھ فیس بک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی صارفین کو دستیاب ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بھیجے گئے میسج کو 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کر سکتے ہیں۔
البتہ ایسے میسج کے اوپر ایڈٹ کا لیبل نظر آئے گا جس سے واضح ہوگا کہ میسج کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔
فیس بک میسنجر پر میسج بھیجنے کے بعد موبائل ایپ پر اس میسج پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد وہاں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا جس کو استعمال کرکے میسج کو درست کیا جا سکتا ہے۔
ڈیسک ٹاپ ورژن میں میسج کے بائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں اور وہاں ایڈٹ بٹن کا انتخاب کریں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ بھیجے گئے میسج کو 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرنا ہوگا، اس کے بعد ایسا ممکن نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل میٹا کی جانب سے گزشتہ دنوں میسنجر میں بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔
اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے میسجز اور کالز کو بس بھیجنے اور موصول کرنے والا ہی دیکھ سکے گا اور میٹا کو بھی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔