Time 15 دسمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب کی نئی تبدیلی جو صارفین کو بالکل پسند نہیں آئے گی

اس تبدیلی کی آزمائش ستمبر سے کی جا رہی تھی / فائل فوٹو
اس تبدیلی کی آزمائش ستمبر سے کی جا رہی تھی / فائل فوٹو

دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب میں ایک ایسی تبدیلی کی جا رہی ہے جو آپ کو بالکل پسند نہیں آئے گی۔

اگر آپ ٹیلی ویژن (ٹی وی) میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہیں تو اب اشتہارات تو کم نظر آئیں گے مگر ان کا دورانیہ زیادہ طویل ہوگا۔

آسان الفاظ میں اب کسی ویڈیو کے دوران مختصر اشتہارات کی بجائے یوٹیوب کی جانب سے لمبے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

یوٹیوب کی جانب سے ستمبر سے اس تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی تھی اور اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس تبدیلی کے باعث اب ویڈیو میں اشتہار چلنے پر دائیں کونے میں اپ ڈیٹڈ کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نظر آئے گا جس میں بتایا جائے گا کہ اشتہار کتنے وقت تک چلے گا یا کتنے سیکنڈ بعد آپ اسکیپ کلک کر سکتے ہیں۔

اس سے پہلے یوٹیوب ویڈیو کی اسکرین میں اوپر بائیں کونے میں دکھایا جاتا تھا کہ ایک وقفے میں کتنے اشتہارات دکھائے جائیں گے جبکہ ہر اشتہار کے لیے ایک کاؤنٹ ڈاؤن بھی دکھایا جاتا تھا۔

اس نئی تبدیلی کے ساتھ یوٹیوب کی جانب سے ٹی وی میں دیکھی جانے والی شارٹس ویڈیوز کے لیے اشتہارات کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

موبائل اور ویب ورژن میں تو شارٹس میں پہلے ہی اشتہارات دکھائے جا رہے تھے، اب ٹی وی اسکرین پر بھی ان کا تجربہ ہوگا۔

خیال رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے 2023 میں اشتہارات کے حوالے سے متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس سے قبل مئی میں کمپنی کی جانب سے 30 سیکنڈ کے ایسے اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جن کو اسکیپ کرنا ممکن نہیں تھا۔

اس کے بعد کمپنی نے ٹی وی پر یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہوئے ایڈ بلاکر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ستمبر میں یوٹیوب کی ایڈ پراڈکٹ ٹیم کی سربراہ Nicky Rettke نے بتایا تھا کہ ویڈیو دیکھتے ہوئے اشتہارات کے وقفے کے بارے میں فیصلہ متعدد عناصر کو دیکھ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی سے ہم اشتہارات کے وقفے میں تبدیلی لائیں گے اور اب ویڈیو دیکھتے ہوئے بار بار اشتہارات نظر نہیں آئیں گے۔

مزید خبریں :