17 دسمبر ، 2023
پرتھ میں ہونے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔
جواب میں قومی ٹیم 89 رنز ہی بنا سکی اور تمام ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
کھیل کا چوتھا روز:
دوسری اننگز کے آغاز پر ہی اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود 2,2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 10 رنز اسکور کیے اور پویلین چلتے بنے، بابر اعظم 14 ، سرفراز احمد 4 ، آغا سلمان اور فہیم اشرف 5،5 ، عامر جمال 4 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اس میچ میں مچل اسٹارک اور نیتھن لائن نے5، 5، جوش ہیزل ووڈ نے 4، پیٹ کمنز نے تین، مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دن کے آغاز پر آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ 43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر میں فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 87 رنز پر پاکستان کے لیے تیسری وکٹ حاصل کی۔
خرم شہزاد نے 45 رنز پر اسٹیون اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عثمان خواجہ 90 رنز پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
تیسرا روز:
پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا۔
دن کے آغاز پر خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا، جب کہ بابر اعظم کو 21 رنز پر مچیل مارش نے پویلین لوٹایا۔
امام الحق کو 62 رنز پر نیتھن لائن نے، سرفراز احمد کو 3 رنز پر مچیل اسٹارک نے جب کہ سعود شکیل 28 رنز پر جوش ہیزل ووڈ اور فہیم اشرف9 رنز پر پیٹ کمنز کا شکار بنے ، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی چار رنز پر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسرا روز:
گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے کیا تھا۔
دونوں بیٹرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق 42 رنز پر اسپن بولر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیسٹ کا پہلا روز:
میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگز میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ لی۔