18 دسمبر ، 2023
پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ چوتھے روز ہی ختم ہونے پر واکا اسٹیڈیم کے کیوریٹر کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے بیٹرز کو چیلنجنگ کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑا، چوتھے روز پرتھ اسٹیڈیم کی پچ بیٹرز کے لیے غیرمحفوظ تھی۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پچ کا معیار بھی اچھا نہیں تھا اور پرتھ ٹیسٹ میں کراؤڈ بھی کم آیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مارنوس لبوشین کے ہاتھ کی انگلی پر گیند لگی، اسکین کرایا گیا، خرم شہزاد کی گیندوں کو غیر معمولی طور پر باؤنس ملتا رہا۔
سابق آسٹریلین وکٹ کیپر این ہیلی کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی سیزن کا پہلا ٹیسٹ برسبین میں ہونا چاہیے جبکہ سابق کرکٹر سائمن او ڈونل نے کہا دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی اس پر کیا ایکشن لیتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 14 دسمبر کو شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ کل 17 دسمبر کو ہی ختم ہو گیا تھا۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 487 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف دیا لیکن ہدف کے تعاقب میں پوری پاکستانی ٹیم صرف 89 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔