19 دسمبر ، 2023
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے 2024 کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا ہے۔
2023 کے اختتام پر اگلے سال کے لیے پیشگوئی کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ 2024 اے آئی ٹیکنالوجی کو تبدیل کرنے والا سال ثابت ہوگا۔
10 صفحات پر مشتمل ایک خط میں بل گیٹس نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ سال ہونے والی پیشرفت سے رواں دہائی کے دوران اس ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 میں وہ اے آئی ٹیکنالوجی میں مزید تنوع دیکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے ویکسینز اور ادویات کی تیاری کا عمل تیز ہوگا جس سے 5 سال سے کم عمر بچوں کی زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔
بل گیٹس کے مطابق آنے والے برسوں میں اے آئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں عام ہو جائے گی اور اے آئی ٹولز سے ہمیں عالمی صحت کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اینٹی بائیوٹیکس مزاحمت کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھی اے آئی ٹیکنالوجی مددگار ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ بل گیٹس اے آئی ٹیکنالوجی کی حمایت میں کافی عرصے سے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
جولائی میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی دنیا میں پرسنل کمپیوٹر کے بعد اب تک کی سب سے اہم ترین پیشرفت ہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔
بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے مختلف مسائل جیسے ڈیپ فیک تصاویر یا ویڈیوز، اسکولوں میں نقل اور متعصب الگورتھمز ضرور ابھرے ہیں، مگر ان کی روک تھام ممکن ہے۔