22 دسمبر ، 2023
ایسا کہا جاتا ہے کہ ناشتہ دن کی سب سے اہم غذا ہے اور صبح پیٹ بھر کر کھانا جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ خیال کافی حد تک درست ہے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ ناشتے میں درست غذا کا انتخاب کیا جائے۔
تو اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو ناشتے میں جو کے دلیے کا استعمال عادت بنالیں۔
جو کے دلیے میں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جبکہ پروٹین، فائبر اور صحت کے لیے مفید کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ناشتے میں دلیے کا ایک پیالہ کھانے سے دن کا آغاز فائبر اور پروٹین سے بھرپور غذا کے ساتھ ہوتا ہے۔
فائبر کی موجودگی کے باعث دلیہ سست روی سے ہضم ہوتا ہے جس کے باعث پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے۔
اسی طرح ہمارا جسم دلیے میں موجود کاربوہائیڈریٹس کو توانائی کے لیے استعمال کرتا ہے جبکہ میٹابولزم کے افعال بھی بہتر ہوتے ہیں جس سے زیادہ کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے۔
زیادہ کیلوریز جلنے سے وقت کے ساتھ جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔
ماہرین کے مطابق دلیے کو کھانے سے جسمانی توانائی زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے جبکہ میٹھا کھانے کی خواہش گھٹ جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ناشتے میں دلیے کے استعمال سے جسمانی وزن کم ہوتا ہے جبکہ آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے قبض جیسے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
دلیہ کھانے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔