26 دسمبر ، 2023
رضوانہ تشدد کیس میں ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے جج عاصم حفیظ کا بیان اب تک نہ لیے جانے پر چالان نامکمل قرار دے دیا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے پولیس تفتیش اور چالان پر اعتراضات کردیے، ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے اعتراضات تفتیشی افسرکو بھیج دیے۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا کہ رضوانہ کو نوکری دلوانے والے شخص کو شامل تفتیش کیوں نہیں کیا؟ مدعی اور ملزمہ سومیا عاصم کی گفتگوکا کال ڈیٹا ریکارڈ کیوں نہیں لیا گیا؟ اعتراض ہے سوسائٹی میں کیمروں کا ریکارڈ لینے والے ملازم کا بیان کیوں نہیں لیا؟ رضوانہ کی لی گئی تصاویرکا موبائل سمیت فارنزک کیوں نہیں کروایا گیا؟
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے یہ بھی اعتراض کیا کہ پولیس نے رضوانہ کو ابتدائی طبی امداد دینے والےکا بیان ریکارڈ کیوں نہ کیا؟ رضوانہ کو ابتدائی طبی امداد دینے والےکا نام گواہان میں کیوں شامل نہیں؟ بس اڈوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج دینے والےکا بیان کیوں نہیں دیا گیا؟جج عاصم حفیظ کا اسٹیٹس کیس میں تاحال کلیئر نہیں ہے، ان کا بیان بھی نہیں لیا گیا، جس کے باعث عدالت میں جمع کیاگیا چالان نامکمل ہے۔