Time 27 دسمبر ، 2023
پاکستان

’بلے کا نشان دینے کی آفر کون کررہا تھا؟‘پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کا بیان سازش قرار دیدیا

پی ٹی آئی سے بلے کا نشان کیوں واپس لیا گیا اور پرویز خٹک کو بلے کا نشان دینے کی آفر کون کررہا تھا؟ چیئرمین پی ٹی آئی— فوٹو: فائل
پی ٹی آئی سے بلے کا نشان کیوں واپس لیا گیا اور پرویز خٹک کو بلے کا نشان دینے کی آفر کون کررہا تھا؟ چیئرمین پی ٹی آئی— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پرویز خٹک کو  بلے کے نشان کی پیش کش کو سازش قرار دیتے ہوئے سوالات اٹھا دیے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر  نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان کیوں واپس لیا گیا اور پرویز خٹک کو بلے کا نشان دینے کی آفر کون کررہا تھا؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ تو کیا کچھ بھی نہیں دیا جارہا ہے

پی ٹی آئی کے سینیر نائب صدر شیر افضل مروت نے کہا پرویز خٹک کے بیان سے اُن کے اور الیکشن کمیشن کے تانے بانے ملتے ہیں، بیٹ کا نشان صرف الیکشن کمیشن ہی آفر کر سکتا ہے،

معروف قانون دان اور پی ٹی آئی کے امیدوار سلمان اکرم راجا نے پرویز خٹک کو توہینِ الیکشن کمیشن کا نوٹس دینے کا مطالبہ کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئےسلمان اکرم راجا نے کہا کہ پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن کو سازش میں ملوث ادارے کے طور  پر  پیش کیا، پرویز خٹک کے بیان سے الیکشن کمیشن کی بے توقیری ہوئی ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کا نشان بلا محفوظ ہے، سازشیں ختم ہوتی جارہی ہیں امید ہے نظام کی تصیح ہوجائے گی عدالتوں سے فیصلے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا تھا کہ مجھے بلے کے نشان کی آفر ہوئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں یہ آفر کس نے کی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی پرویز خٹک کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک کو انتخابی نشان ’بلے‘ کی پیشکش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کسی کو بھی انتخابی نشان بلے کی پیشکش نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

مزید خبریں :