29 دسمبر ، 2023
دیکھنے میں کسی مالٹے کی طرح نظر آنے والا وہ پھل جو پاکستان میں بہت زیادہ کھایا جاتا ہے۔
کینو وہ پھل ہے جس کی سب سے زیادہ پیداوار پاکستان میں ہوتی ہے۔
موسم سرما کی اس سوغات میں متعدد ایسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔
تو وہ فوائد جانیں جو روزانہ کینو کھانے سے ہمارے جسم کو ہوتے ہیں۔
کینو کھانے کا ایک بڑا فائدہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانا ہے۔
کینو آسانی سے ہضم ہو جاتے ہیں جس کے باعث غذائی نالی پر دباؤ نہیں پڑتا۔
اگر اکثر بدہضمی کے شکار رہتے ہیں تو ناشتے میں کینو کا جوس پینے سے نظام ہاضمہ کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اگر اکثر سینے میں جلن یا تیزابیت کا سامنا ہوتا ہے تو کینو کا استعمال کرنا مفید ہو سکتا ہے۔
اس پھل میں ایسے منرلز موجود ہوتے ہیں جو معدے کی تیزابیت کو کم کرتے ہیں۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ روزانہ کینو کو کھانے سے سینے کی جلن کی شکایت میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
کینو میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
یہ وٹامن جسم میں اینٹی آکسائیڈنٹ کا کام کرتا ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے جس سے موسمی نزلہ زکام سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
اسی طرح وٹامن سی سے جِلد کے خلیات کو نقصان دہ مالیکیولز سے تحفظ ملتا ہے جبکہ جھریوں سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
وٹامن سی میٹابولزم کے افعال بھی بہتر کرتا ہے جس سے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنا ممکن ہوتا ہے۔
کینو کھانے کی عادت سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس میں موجود کاربوہائیڈریٹس سے جسمانی توانائی کی سطح بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
اگر ورزش کرتے ہیں یا روزمرہ کی مصروفیات تھکا دیتی ہیں تو کینو کا استعمال جسمانی توانائی کو دن بھر میں مستحکم رکھنے کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔
کینو کھانے کی عادت سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید کولیسٹرول کی سطح بڑھتی ہے۔
نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بڑھنے سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
دیگر ترش پھلوں کے مقابلے میں کینو میں کیلشیئم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
کیلشیئم ایسا غذائی جز ہے جو ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔