Time 11 جنوری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک اور انسٹا گرام میں 2024 کی پہلی بڑی اپ ڈیٹ

میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں یہ اعلان کیا گیا / رائٹرز فوٹو
میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں یہ اعلان کیا گیا / رائٹرز فوٹو

میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام میں 2024 کی پہلی بڑی اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام کے نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے نئے ٹولز متعارف کرائے گئے ہیں۔

فیس بک اور انسٹا گرام کی سرپرست کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ نوجوانوں کے تحفظ کے لیے نئی پالیسیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔

نئی پالیسیوں کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز (eating disorders) جیسے حساس مواد تک سرچ اور ایکسپلور جیسے فیچرز کے ذریعے رسائی زیادہ مشکل ہو جائے گی۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ تمام نوجوانوں کے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس کی سیٹنگز کو تبدیل کرکے حساس مواد تک رسائی کو مشکل بنایا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ہماری ایپس میں محفوظ اور ان کی عمر کے مطابق مناسب مواد میسر ہو، اس کے لیے ہم کم عمر صارفین کو اضافی تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔

بلاگ کے مطابق اگر کوئی کم عمر صارف ایسے اکاؤنٹ کو فالو کرتا ہے جو حساس موضوعات پر پوسٹنگ کرتا ہے، تو وہ پوسٹس اس نوجوان کی فیڈ پر نظر نہیں آئیں گی۔

ان اقدامات پر عملدرآمد آنے والے ہفتوں میں کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب اسے مختلف ممالک کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

میٹا پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کی ایپس سے نوجوان نسل ذہنی صحت کے بحران کا شکار ہو رہی ہے۔

اسی لیے اکتوبر 2023 میں امریکا کی 33 ریاستوں نے میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹا کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خطرات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

یورپین کمیشن کی جانب سے بھی میٹا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ واضح کرے کہ بچوں کو غیر قانونی اور نقصان دہ مواد سے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :