15 جنوری ، 2024
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے توہین عدالت کیس میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی معافی منظور کرلی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا، تحریری حکم میں کہا گیا کہ ایمل ولی خان کی جانب سے معافی نامہ جمع کرانے پر کیس نمٹا دیا گیا۔
گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے ایمل ولی کو تردیدی بیان جاری کرکے معافی مانگنے کا حکم دیا تھا۔
ایمل ولی خان نے معافی نامے میں کہا کہ میرے بیان سے چیف جسٹس ابراہیم خان کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں، عدالت کے اندر واقعے پر بھی معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے مزید لکھاکہ اے این پی چار نسلوں سے عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ ایمل ولی خان نے ایک ویڈیو بیان میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کےحوالے سے توہین آمیز بیان دیا تھا، چارسدہ سے پی ٹی آئی کے رہنما فضل محمد نے ایمل ولی کےخلاف توہین عدالت کیس دائر کیا تھا۔