پاکستان
Time 16 جنوری ، 2024

خوش قسمت ہیں بوتل اور بینگن جیسے نشان نہیں ملے: عدالت، تیمور سلیم کو ٹریفک سگنل کا نشان دینے کاحکم

پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان نے تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست پر سماعت کی/ فائل فوٹو
پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان نے تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست پر سماعت کی/ فائل فوٹو

پشاو ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا کی انتخابی نشان کےخلاف درخواست منظور  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن  کو انہیں ٹریفک سگنل کا نشان جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

 پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اعجاز خان نے تیمور سلیم جھگڑا کی درخواست پر سماعت کی جس دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ  تیمورجھگڑا نے ٹریفک سگنل کیلئے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی تھی،  تیمورسلیم کو راؤنڈ ٹیبل انتخابی نشان دیا گیا ہے۔

اس پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ  آپ کا اسٹیٹس دیکھ کرانتخابی نشان دیا گیا، یہ سابق رکن اسمبلی ہےناں، راؤنڈ ٹیبل پھر بھی عزت والا نشان ہے،آپ خوش قمست ہیں کہ بوتل،بینگن جیسے نشانات نہیں دیےگئے۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کے استفسار پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جو امیدوارکلیئر تھے ان کےانتخابی نشان کو الیکشن کمیشن نےچھپائی کیلئےبھجوا دیا ہے، اس پر درخواست گزار  کے وکیل نے کہا کہ اپیلیں ہائیکورٹ میں ہیں، ابھی چھپائی کا عمل شروع نہیں ہوا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مؤقف پر جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے استفسار کیا کہ قانون اجازت دیتا ہےتو پھر کیوں الیکشن کمیشن نےمرضی کا نشان نہیں دیا؟

عدالت کے استفسار پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ میں پی ٹی آئی امیدوارکا انتخابی نشان ٹریفک سگنل ہےاور یہ بھی مانگ رہے ہیں، سپریم کورٹ نےنشان سے متعلق فیصلہ دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تو یہ نہیں کہا کہ ایک جیسا انتخابی نشان نہ دیا جائے ، الیکشن کمیشن تیمورسلیم جھگڑا کوٹریفک سگنل کا نشان جاری کرے۔

واضح رہے کہ  تیمور سلیم جھگڑا صوبائی حلقہ پی کے79 پشاور سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

مزید خبریں :