عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رکھنے کیلئے بہترین غذا

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

انسانی جسم کے افعال کے لیے پروٹین کی اہمیت بہت زیادہ ہے، جسمانی وزن میں کمی، مسلز بنانے اور دیگر کے لیے اس جز کی ضرورت ہوتی ہے۔

مگر عمر بڑھنے کے ساتھ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو مناسب مقدار میں پروٹین کو جسم کا حصہ ضرور بنائیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو خواتین پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کرتی ہیں، ان کی صحت عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ بہتر ہو جاتی ہے۔

پروٹین کے نباتاتی ذرائع جیسے اناج، دالیں، گریاں یا چنے وغیرہ کا استعمال اس حوالے سے زیادہ بہترین ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 48 ہزار سے زائد خواتین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان خواتین کی صحت کا جائزہ 1986 سے 2016 تک لیا گیا اور یہ دیکھا گیا کہ غذا میں پروٹین کے استعمال سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پروٹین سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر، دماغی تنزلی اور ذیابیطس کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو خواتین اپنی دن بھر کی کیلوریز کا 18 فیصد حصہ پروٹین سے حاصل کرتی ہیں، ان کی صحت عمر بڑھنے کے بعد بھی اچھی رہنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق نباتاتی ذرائع میں موجود پروٹین کے استعمال سے دائمی امراض اور دماغی صحت کے مسائل کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں گوشت اور انڈوں میں موجود پروٹین سے یہ خطرہ 6 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ حیوانی ذرائع سے پروٹین کے حصول سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ نہیں ہوتا مگر پھر بھی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

البتہ گوشت کے زیادہ استعمال سے بلڈ کولیسٹرول کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے جس سے صحت کو ہونے والے فوائد گھٹ سکتے ہیں۔

دالیں، چنے اور گریاں وغیرہ میں پروٹین کے ساتھ ساتھ دیگر غذائی اجزا جیسے فائبر، وٹامنز اور مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسمانی ورم کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

پروٹین سے مسلز کی صحت بہتر ہوتی ہے جس سے عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر جوانی سے ہی پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کیا جائے تو درمیانی عمر میں طبی مسائل سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں :