18 جنوری ، 2024
ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پاک ایران کشیدہ صورتحال کے باوجود دونوں ممالک کی سرحد پر تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
پاکستان میں ایران سے متصل سرحدی شہروں تفتان ،گوادر،کیچ، پنجگور اور واشک میں تجارتی حوالے سے آمدورفت جاری ہے۔
تفتان میں کسٹم حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ تفتان بارڈر پرکسٹم کے دفاتر کھلے ہیں اور روزمرہ کی طرح تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جمعرات کو تفتان میں پاک ایران بارڈر سے 100 سے زائد ٹرکوں کی آمد رفت ہوئی، ان ٹرکوں میں پاکستان سے چاول، آلو اور دیگر اشیا ایران گئیں جب کہ ایران سے ایل پی جی اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات پاکستان آئیں۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور ممتاز ترین نے جیو نیو ز کو بتایا کہ پنجگور کے چیدگی بارڈر پر بھی تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
کمشنر مکران ڈویژن سعید عمرانی کے مطابق دونوں ممالک کےدرمیان تجارتی امور جاری ہیں، بارڈر کی بندش سے متعلق کوئی شکایت نہیں ملی ہے، دونوں طرف سے سرحدیں کھلی ہیں۔