اسکول نہ جانا صحت کے لیے تمباکو نوشی جتنا نقصان دہ ہوتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

علم کو ہمیشہ سے ایک ایسی دولت قرار دیا جاتا ہے جو عملی زندگی میں کامیاب بناتی ہے۔

مگر علم زندگی بچانے کے لیے بھی اہم ہوتی ہے اور آپ جتنی زیادہ تعلیم حاصل کریں گے، قبل از وقت موت کا خطرہ اتنا کم ہوگا۔

یہ بات اپنی طرز کی پہلی تحقیق میں سامنے آئی۔

ناروے کی نارویجن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اسکول، کالج یا یونیورسٹی میں گزارے گئے ہر سال کے ساتھ قبل از وقت موت کا خطرہ 2 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

یعنی اگر آپ زندگی کے 18 سال تعلیم حاصل کرتے ہوئے گزارتے ہیں تو قبل از وقت موت کا خطرہ 34 فیصد تک گھٹ جاتا ہے اور لمبی زندگی کا حصول ممکن ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 59 ممالک کے 10 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جو 600 سے زیادہ تحقیقی مقالوں سے اکٹھا کیا گیا تھا۔

تحقیق کے دوران تعلیم کے حصول کا موازنہ دیگر عناصر جیسے صحت بخش غذاؤں، تمباکو نوشی یا الکحل کے استعمال سے کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ تعلیم صحت کے لیے اتنی زیادہ مفید ثابت ہوتی ہے جتنا صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اسکول نہ جانا صحت کے لیے طویل المعیاد بنیادوں پر اتنا ہی نقصان دہ ہوتا ہے جتنا تمباکو نوشی یا الکحل کااستعمال۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ نوجوانوں کو تعلیم سے سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے مگر 50 یا 70 سال کی عمر کے افراد کو بھی تعلیم سے تحفظ ملتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ آپ کسی امیر ملک کے باسی ہوں یا غریب، تعلیم سے ہر جگہ یکساں فائدہ ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق تعلیم کو عام کرنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں معاشرتی عدم مساوات پر قابو پاکر متعدد اموات کی روک تھام کی جا سکتی ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل لانسیٹ پبلک ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :