Time 27 جنوری ، 2024
پاکستان

بلاول نے نواز شریف کو مناظرےکے چیلنج پر شہباز شریف کی شرط قبول کرلی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو مناظرے کے چیلنج پر شہباز شریف کی شرط قبول کرلی ہے۔

خیال رہےکہ ایک بیان میں شہباز شریف نے بلاول کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ 'کل ایک صاحب نے نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دی، وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنےکی دعوت دیتے تو اچھا تھا، مناظرہ بھی ہو جاتا اور موازنہ بھی'۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بلاول نے بھی شہباز شریف مناظرے کے حوالے سے مشروط آمادگی پر ردعمل دیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ 'میں مناظرے اور معائنےکے لیے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا اسپتال پنجاب کےکسی بھی اسپتال سے بہتر ہے اور  یہاں علاج بالکل مفت ہے اور میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا یا وہ تھرپارکر آجائیں، وہاں کے انفرااسٹرکچر کا معائنہ بھی ہوجائےگا اور چولستان سے تھرکا موازنہ بھی ہوجائےگا'۔

بلاول کا مزید کہنا تھا کہ تھر میں کوئلےکا منصوبہ جس کے آپ اور آپ کے بھائی مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے، میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا جو اس بات کا ثبوت ہےکہ پنجاب کے اسپتالوں میں ایسی سہولیات موجود نہیں ہیں، راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو آپ کے بھائی نے مباحثہ کرنا ہے'۔


مزید خبریں :