27 جنوری ، 2024
یمن کے حوثیوں نے خیلج عدن میں برطانوی آئل ٹینکر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن پر امریکا اور برطانیہ کے حملوں کے جواب میں انہوں نےخلیج عدن سے گزرنے والے برطانوی کمپنی کے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔
حوثی ترجمان کے مطابق میزائل نشانے پر لگا اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔
برطانوی وزیر دفاع نے آئل ٹینکر پر حوثیوں کے حملےکو ناقابل برداشت اور غیرقانونی قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ یہ ہماری ذمہ داری ہےکہ ہم بحیرہ احمر اور خطے میں جہاز رانی کا تحفظ کریں اور ہم اپنے عزم پر ہمیشہ کی طرح قائم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا تھا، میزائل کا نشانہ بننے والے جہاز کا عملہ محفوظ ہے۔
متاثرہ کمپنی کا کہنا ہےکہ ان کا جہاز 'محفوظ' بندرگاہ کی جانب گامزن ہے۔
دوسری جانب امریکا اور برطانیہ نے یمن کے تیل برآمد کرنے والے اہم ٹرمینل راس عیسیٰ کی بندرگاہ پر فضائی حملے کیے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی کا کہنا ہےکہ امریکا اور برطانیہ نے یمن کے صوبہ الحدیدہ میں بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا۔