30 جنوری ، 2024
بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے چھوٹے بھائی ارباز خان کی میک اپ آرٹسٹ شورا خان سے دوسری شادی پر محتاط ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 17 کے گرینڈ فائنل کے اسٹیج پر ارباز خان اور سہیل خان بھی بطور مہمان شریک ہوئے، اس دوران بھارت کی معروف کامیڈین بھارتی سنگھ نے ارباز خان سے سوال کیا کہ آپ نے مجھے اپنی اور شورا کی شادی پر مدعو کیوں نہیں کیا؟ اس پر ارباز نے کہا کہ میں آپ کو اپنی اگلی شادی پر ضرور مدعو کروں گا۔
ارباز کا جواب سن کر بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے بھائی کی دوسری شادی سے متعلق سوال کیا اس پر سلمان خان کا کہنا تھا کہ یہ میری سنتے ہی نہیں اگر سنتے تو ، اس کے بعد سلمان خان مسکرا کر خاموش ہوگئے۔
دوران شو بھارتی سنگھ نے سلمان خان سے بھی شادی نہ کرنے کا سوال کیا اس پر سلمان خان نے کہا بھارتی’ اب تو تم نے شادی کرلی ہے، اب میں کبھی کسی سے شادی نہیں کروں گا‘۔
واضح رہے گزشتہ ماہ ارباز خان میک اپ آرٹسٹ شورا خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 56 سالہ ارباز کی شورا سے شادی ممبئی میں بہن ارپتا کے گھر ہوئی تھی جس میں خان فیملی اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی ۔
ارباز کی شورا سے دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی 1998 میں مشہور ڈانسر ملائکہ اروڑہ سے شادی ہوئی تھی اور 2017 میں طلاق ہوگئی تھی جب کہ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔