دنیا
Time 30 جنوری ، 2024

پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری پر چین کا ردعمل آگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری پر  چین کا ردعمل سامنے آگیا۔

ایک بیان میں ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بن نےکہا ہےکہ پاکستان کی جاری کردہ  معلومات پر ہماری توجہ ہے، دہشت گردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ  چین دہشت گردی کے خلاف دُہرے معیار کی مخالفت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف دُہرا  معیار کسی کے مفاد میں نہیں ہوتا، دہشت گردی کے خلاف دُہرے معیار کا اُلٹا اثر ہوتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ  چین تمام ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون مضبوط بنانا چاہتا ہے، ہرقسم کی دہشت گردی سےجنگ کے لیے تمام ممالک میں تعاون مضبوط ہوناچاہیے۔

خیال رہےکہ سکیورٹی اداروں نے پاکستان میں شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی شہری شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کے باہر قتل کیا گیا تھا، شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں، بھارتی ایجنٹ نے شاہد لطیف کے قتل کا اعتراف کیا ہے، شاہد لطیف کو قتل کرنے کے لیے مقامی لوگوں کی خدمات لی گئیں۔

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی شہری محمد ریاض کو بھی راولاکوٹ میں مسجد میں قتل کیا گیا تھا، بھارتی ایجنٹ نے اجرتی قاتل کے ذریعے محمد ریاض کو قتل کرایا، سکیورٹی فورسز نے اجرتی قاتل کو گرفتار کیا جس نے جرم کا اعتراف کیا،بھارتی ایجنٹ دہشت گردی اور دیگر وارداتوں میں بھی ملوث پائےگئے۔

سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ عالمی سطح پر بھارت کا محاسبہ کیاجانا چاہیے، ہمارے پاس پاکستان میں بھارتی ایجنٹس کی تفصیلات موجود ہیں، دو کیسز کی تفصیلات شیئر کریں گے کچھ کیسز ابھی زیر تفتیش ہیں، تفتیش سے پتا چلا کہ بھارتی ایجنٹ یو گیش کمار اس میں ملوث ہے، اشوک کمار اور یوگیش کمار بھارتی ایجنٹس کے ذریعےکارروائی کرواتے تھے، سہولت کاروں کے ذریعے ان ایجنٹس کا پتہ چلا۔

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور امریکا میں بھی ایسے ہی کیسز سامنے آئے ہیں، بھارت کو عالمی سطح پر اس کا جواب دہ کرنا ہوگا، پاکستانی سرزمین پر بھارت کی کارروائی پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں :