پاکستان
Time 25 جنوری ، 2024

کینیڈا، امریکا کی طرح پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث بھارتی ایجنٹ پکڑےگئے

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

سکیورٹی اداروں نے پاکستان میں شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران  سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی شہری شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کے باہر قتل کیا گیا تھا، شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں، بھارتی ایجنٹ نے شاہد لطیف کے قتل کا اعتراف کیا ہے،  شاہد لطیف کو قتل کرنے کے لیے مقامی لوگوں کی خدمات لی گئیں۔

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی شہری محمد ریاض کو بھی  راولاکوٹ میں مسجد میں قتل کیا گیا تھا، بھارتی ایجنٹ نے اجرتی قاتل کے ذریعے محمد ریاض کو قتل کرایا، سکیورٹی فورسز  نے اجرتی قاتل کو  گرفتار کیا جس نے جرم کا اعتراف کیا،بھارتی ایجنٹ دہشت گردی اور  دیگر  وارداتوں میں بھی ملوث پائےگئے۔

بھارتی ایجنٹ  اشوک کمار کے پاسپورٹ کا عکس/ تصویر: دفتر خارجہ
بھارتی ایجنٹ  اشوک کمار کے پاسپورٹ کا عکس/ تصویر: دفتر خارجہ

سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ عالمی سطح پر بھارت کا محاسبہ کیاجانا چاہیے، ہمارے پاس پاکستان میں بھارتی ایجنٹس کی تفصیلات موجود ہیں، دو کیسز کی تفصیلات شیئر کریں گے کچھ کیسز ابھی زیر تفتیش ہیں، تفتیش سے پتا چلا کہ بھارتی ایجنٹ یو گیش کمار اس میں ملوث ہے، اشوک کمار اور  یوگیش کمار بھارتی ایجنٹس کے ذریعےکارروائی کرواتے تھے، سہولت کاروں کے ذریعے ان ایجنٹس کا پتہ چلا۔

بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار کے پاسپورٹ کا عکس/ تصویر: دفتر خارجہ
بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار کے پاسپورٹ کا عکس/ تصویر: دفتر خارجہ

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور امریکا میں بھی ایسے ہی کیسز  سامنے آئے ہیں،  بھارت کو عالمی سطح پر اس کا جواب دہ کرنا ہوگا، پاکستانی سرزمین پر بھارت کی کارروائی پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ  بھارتی ایجنٹس کے اعترافی بیانات بھی ہیں جو اس وقت ہماری تحویل میں ہیں، ہمارے پاس فنانشل ٹرانزیکشنز کے ثبوت بھی موجود ہیں، ان ایجنٹس کے پاسپورٹ نمبر  اور  شناخت شیئرکردی جائےگی، صرف ہم نہیں کہہ رہے کینیڈا اور امریکا نے بھی اسی طرح کی کارروائیوں  کی نشاندہی کی۔

 سکیورٹی اداروں نے بھارتی دہشتگرد گروہ کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کیا:دفتر خارجہ

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق  پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشت گرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز اور سہولت کاروں جو کہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ان کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق  پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا، قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دفتر خارجہ  کا کہنا ہے کہ محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023 کو راولا کوٹ جب کہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023 کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز  نے قتل کیا، قتل کیے جانے محمد ریاض اور شاہد لطیف پرامن شہری تھے اور ان کا قصور صرف یہ تھا کہ انھوں نے کشمیر میں جاری ظلم اور  بربریت اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا، تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔

 را  عالمی دہشتگرد تنظیم کا کردار ادا کر رہی ہے:دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را ایک عالمی دہشت گرد تنظیم کا کردار ادا کر رہی ہے، اس سے قبل بھی پاکستان میں اور  بین الاقوامی سطح پر بھارتی ایجنسیوں کے ریاستی سرپرستی میں ماورائے عدالت قتل کے منصوبے بے نقاب ہو چکے ہیں، بھارت نے گزشتہ سال سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا، اس کے بعد بھارت نے امریکا میں مقیم سکھ رہنما گر پتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ بنایا جو امریکی خفیہ اداروں کی بروقت کارروائی سے بے نقاب ہوا۔

مزید خبریں :