Time 08 فروری ، 2024
دنیا

پہلی بار مسلسل 12 مہینے تک عالمی اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ

یورپی موسمیاتی ادارے کی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا / رائٹرز فوٹو
یورپی موسمیاتی ادارے کی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا / رائٹرز فوٹو

دنیا کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل 12 مہینے تک عالمی اوسط درجہ حرارت کو صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ انکشاف یورپی موسمیاتی ادارے Copernicus کلائیمٹ چینج سروس (سی سی سی ایس) نے ایک رپورٹ میں کیا۔

خیال رہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہیں کرنے دیا جائے گا۔

مگر سی سی سی ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فروری 2023 سے جنوری 2024 کے دوران دنیا پیرس معاہدے کی خلاف ورزی کے قریب پہنچ گئی۔

رپورٹ میں گزشتہ مہینے کو انسانی تاریخ کا گرم ترین جنوری قرار دیا گیا۔

سی سی سی ایس کی ڈپٹی ڈائریکٹر Samantha Burgess نے بتایا کہ 2024 کا آغاز ایک اور ریکارڈ شکن مہینے سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف تاریخ کا گرم ترین جنوری کا مہینہ تھا بلکہ پہلی بار مسلسل 12 مہینے تک اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری 2024 میں اوسط درجہ حرارت 1991 سے 2020 کے مقابلے میں 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔

اسی طرح صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں جنوری 2024 میں اوسط درجہ حرارت 1.66 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔

یہ مسلسل 8 واں مہینہ ہے جس نے گرم ترین ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اس سے قبل جون، جولائی، اگست، ستمبر، اکتوبر، نومبر اور دسمبر (2023 کے مہینے) مسلسل انسانی تاریخ کے گرم ترین مہینے ثابت ہوئے تھے۔

یورپی موسمیاتی ادارے نے جنوری 2024 میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 2023 انسانی تاریخ کا گرم ترین سال ثابت ہوا جس دوران درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہا۔

جنوری 2024 کے دوران یورپ کے متعدد ممالک میں درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ دیکھنے میں آئے، جیسے اسپین کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ ہو۔

یورپ سے باہر مشرقی کینیڈا، شمال مغربی افریقا، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہا۔

سی سی سی ایس کے مطابق جنوری 2024 میں سمندری سطح کا درجہ حرارت 20.97 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو جنوری 2016 کے ریکارڈ سے 0.26 سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔

مزید خبریں :