گوگل اسسٹنٹ کا عہد اختتام پذیر، بارڈ کا نام بھی تبدیل کر دیا گیا

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ بارڈ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ صارفین گوگل اسسٹنٹ کو بھی جلد الوداع کہہ دیں گے۔

گوگل بارڈ کا نام اب جیمنائی رکھ دیا گیا ہے جو اس کمپنی کا وہ اے آئی ماڈل ہے جسے دسمبر 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گوگل نے چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں لگ بھگ ایک سال قبل اے آئی چیٹ بوٹ بارڈ کو متعارف کرایا تھا، جس میں حال ہی میں تحریری ہدایات سے تصاویر بنانے کی صلاحیت کا اضافہ بھی کیا گیا تھا۔

بارڈ کا نام اس وقت تبدیل کیا گیا ہے جب گوگل کی جانب سے جیمنائی پرو کی سپورٹ اس اے آئی چیٹ بوٹ کے لیے فراہم کی گئی۔

کمپنی کے مطابق نام کی تبدیلی کا مقصد لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے کہ وہ چیٹ بوٹ پر جیمنائی اے آئی ماڈل کو استعمال کر رہے ہیں۔

اس سے ہٹ کر بارڈ میں کچھ خاص تبدیلی نہیں آئی، البتہ نئے نام کے ساتھ لوگو کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے موبائل فونز کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ کی ایپ اور gemini.google.com ویب سائٹ بھی متعارف کرائی ہے۔

ان تبدیلیوں کے ساتھ گوگل کی جانب سے جیمنائی کا ماہانہ فیس والا والا الٹرا ورژن بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

نام سے ہٹ کر سب سے بڑی تبدیلی جیمنائی ایپ کی ہے جو سب سے پہلے امریکا میں دستیاب ہوگی اور بتدریج دیگر ممالک میں پیش کی جائے گی۔

یہ ایپ اینڈرائیڈ فونز میں بتدریج گوگل اسسٹنٹ کی جگہ لے گی۔

اس طرح موبائل فونز کی سطح پر گوگل اسسٹنٹ کا عہد اختتام پذیر ہو جائے گا۔

جیمنائی کو بھی ہے گوگل (hey google) کہہ کر متحرک کرنا ممکن ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ حقیقی اے آئی اسسٹنٹ کی تیاری کی جانب پہلا اہم قدم ہے جو صارفین کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔

یہ ملٹی ماڈل اسسٹنٹ ہے یعنی آڈیو، ٹیکسٹ اور تصاویر کے ذریعے اسے ہدایات دینا ممکن ہوگا۔