09 فروری ، 2024
شانگلہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 11 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی شکست کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھاندلی کا الزام لگاکر الپوری میں ڈی آر کے دفتر کا گھیراؤکرلیا اور ریٹرننگ افسر کی گاڑی کو آگ لگادی۔
این اے 11 شانگلہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حاجی سید فرین کی شکست پر پی ٹی آئی کارکنوں نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ڈی آر او کے دفتر کے باہر شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین نے ایک سرکاری گاڑی کو آگ لگادی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
پی ٹی آئی کے مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ ریٹرننگ افسر کی گاڑی کا گھیراؤ اس لیے کیا تھا کہ اس میں جعلی ووٹ موجود تھے۔ جس کی وجہ حاجی سید فرین کی برتری کو ختم کرکے مسلم لیگ ن کے امیر مقام کو کامیاب کروایا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ٰپولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور10 زخمی ہوئے۔
تاہم پولیس نے پی ٹی آئی 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف دیا کہ مظاہرین نے پولیس پر فائرنگ کی جس سے مظاہرین میں شامل ایک شخص گولی لگنے جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ زخمی اور جاں بحق افراد کو ریسکیو اہل کاروں نے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے 10 سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
احتجاج سے قبل آزاد امیدوار حاجی سید فرین اور پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے ڈی آر او کے ساتھ مذاکرات کے بعد دھرنے دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو تین دنوں میں معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم مشتعل مظاہرین نے منتشر ہونے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ این اے 11 شانگلہ کے 346 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق امیر مقام کو کامیابی حاصل ہوئی، انہوں نے 59863 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی۔
یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید فرین54311 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔