چہرے پر جھریوں کی موجودگی کے حیران کن اثر کا انکشاف

ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فائل فوٹو
ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ چہرے پر جھریاں ابھرنا ایک قدرتی عمل ہے اور اس سے بچنا ممکن نہیں۔

مگر اب چہرے پر جھریوں کی موجودگی کے حیران کن اثر کا انکشاف ہوا ہے۔

سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ لوگ ایسے افراد کو زیادہ قابل اعتماد تصور نہیں کرتے جن کے چہرے پر جھریاں نمایاں ہوتی ہیں۔

یہ دلچسپ دعویٰ جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

Humboldt یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 353 افراد کو شامل کرکے انہیں جھریوں یا جھریوں سے پاک چہروں کی تصاویر دکھائی گئیں۔

ان افراد کو تصاویر دکھا کر پوچھا گیا کہ ان کی نظر میں پرکشش، قابل اعتماد اور متوازن شخصیت والے افراد کو نسے ہیں۔

ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ چہروں سے خوشی، غصہ، اداسی، خوف اور حیرانی جیسے تاثرات کس حد تک جھلک رہے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ لوگوں نے جھریوں والے چہروں کو کم قابل اعتبار قرار دیا جبکہ یہ چہرے ان کی نظر میں زیادہ پرکشش یا خوشگوار بھی نہیں تھے۔

درحقیقت ان چہروں کو دیکھ کر لوگوں کی جانب سے منفی جذبات کا زیادہ اظہار کیا گیا۔

یہ اثر خواتین کے جھریوں والے چہروں پر زیادہ دیکھنے میں آیا۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ پہلا تاثر ہی آخری تاثر ہوتا ہے اور لوگ جھریوں والے چہروں کے بارے میں جو منفی رائے قائم کرتے ہیں، وہ عموماً برقرار رہتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Acta Psychologica میں شائع ہوئے۔