گوگل میپس میں ایک نیا کارآمد فیچر متعارف

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

گوگل کی مقبول سروس میپس میں حالیہ مہینوں میں متعدد بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، خاص طور پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس فیچرز پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

ایسا ہی ایک اور نیا اے آئی فیچر گوگل میپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

اسکرین ریڈر نامی فیچر سب سے پہلے گوگل میپس میں 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین فون کے کیمرے کو استعمال کرکے اپنے اردگرد کے ماحول کو اسکین کر سکتے ہیں۔

اب اس فیچر کو مزید بہتر بناتے ہوئے اس میں آڈیو سپورٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔

یہ نیا فیچر ان افراد کے لیے کارآمد ہوگا جن کی بینائی خراب ہوتی ہے یا وہ کسی ایسی نامعلوم جگہ پر موجود ہوں جہاں کی زبان سے وہ ناواقف ہوں۔

کمپنی کے مطابق جب آپ فون کیمرے کا رخ کسی مخصوص مقام یا دکان کی جانب کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے متعلقہ تفصیلات آڈیو کے ذریعے بتائی جائیں گی۔

اس کے لیے گوگل میپس سرچ بار میں کیمرا آئیکون پر کلک کرکے اردگرد کے ماحول کو اسکین کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے سے پہلے ٹاک بیک اسکرین ریڈر فیچر ان ایبل کرنا ضروری ہوگا جو اسمارٹ فون کی سیٹنگز میں Accessibility مینیو میں موجود ہوگا۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور بہت جلد تمام صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔