28 فروری ، 2024
گوادر میں 16 گھنٹے کی مسلسل تباہی مچانے والی بارش کے بعد ایک بار پھر بادل برسنے کو تیار ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کل سے ملک پر نئے سسٹم کے تحت ہیوی اسپیل دکھائی دے رہا ہے، سردیوں کی بارش عموماً اتنی شدت کی نہیں ہوتی۔
سردار سرفراز نے کہا کہ گودار میں اس بار غیر معمولی بارش ہوئی ہے اور گوادر میں ان مہینوں میں اتنی بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی، گوادر میں کل دوبارہ تیز بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ جنوری اور فروری میں پہاڑوں پر پڑنے والی برف زیادہ دیر نہیں رہتی، کے پی کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
یکم مارچ سے کراچی میں بارش کا امکان
کراچی سے متعلق سردار سرفراز نے بتایا کہ شہر میں گزشتہ دو دن تیز ہوا چلی تاہم آج ہوا کی رفتار میں کمی آچکی ہے البتہ یکم مارچ سے کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔