28 فروری ، 2024
وٹامن ڈی ہمارے جسم کی صحت کیلئے انتہائی اہم ہے، یہ جسم میں ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پٹھوں کو تقویت بھی فراہم کرتا ہے جبکہ جلد کی صحت کیلئے وٹامن ڈی کا ایک اہم کردار ہے۔
دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہے جس کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن ان سب میں ایک اہم وجہ جسم میں اضافی چربی کا ہونا بھی ہے کیونکہ جسم میں اضافی چربی وٹامن ڈی کی کمی کا سبب بنتی ہے۔
وٹامن ڈی اور چربی کا تعلق کیسے؟
ماہرین غذائیت کے مطابق وٹامن ڈی بنیادی طور پر چربی کے خلیوں کے اندر پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے خون میں گردش کم ہوتی ہے اور پھر وہ جسم کو دستیاب نہیں ہوتی اور یوں جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہوجاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موٹے لوگوں کو اپنے جسم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وٹامن ڈی کی دوگنا زیادہ ضرورت ہوتی ہے کیونکہ مضبوط ہڈیاں ہی زیادہ وزن برداشت کر سکیں گی۔
جسم میں وٹامن ڈی کو کیسے بڑھایا جائے؟
صبح سویرے اور غروب آفتاب سے پہلے کی دھوپ سے وٹامن ڈی حاصل کیا جاسکتا ہے، روزانہ 15 سے 20 منٹ تک دھوپ لینا وٹامن ڈی کی کمی کو دور کر سکتا ہے۔
موٹاپے کے شکار لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنا وزن کم کریں جس کیلئے انہیں روزانہ ورزش کرنے کی ضرورت ہے۔
انڈا، مچھلی اور مشروم جیسے کھانوں کے استعمال سے بھی وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔