29 فروری ، 2024
بالی وڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور عامر خان نے 8 سال بعد خاص طور پر کرسمس کے موقع پر فلم ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں عامر خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ رواں سال کرسمس کے موقع پر فلم 'ستارے زمین پر' ریلیز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'فلم کی شوٹنگ کا کام شروع ہوگیا ہے، انٹرٹینمنٹ سے بھرپور فلم کی کہانی مجھے اچھی لگی، اس فلم میں اہم کردار میں نظر آؤں گا اور کوشش کی جائے گی کہ سال کے آخر میں اسے ریلیز کیا جائے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم میں میں مرکزی کردار میں نظر نہیں آؤں گا صرف چند رولز کروں گا، اب دیکھتے ہیں لوگوں کا کیا ردعمل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم 'ستارے زمین پر' میں اداکارہ جنیلیا دیش مکھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی ان کی یہ عامر خان کے ساتھ پہلی فلم ہے۔
خیال رہے عامر خان نے 8 سال قبل 2016 میں کرسمس کے موقع پر بلاک بسٹر فلم دنگل ریلیز کی تھی جو ان کی کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی آخری فلم تھی جبکہ 2022 میں لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کے بعد بالی وڈ اسٹارنے اب تک کوئی فلم نہیں کی۔